بلوچستان کو اسکے کوٹے کے مطابق بجلی دی جائے، وزیر اعلیٰ کا وفاق سے مطالبہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کیسکو کے پیدا کردہ مسائل سے صوبے کا ماحول خراب ہوتا زمیندار ہڑتالوں اور دھرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ہم بھی اپنے لوگوں کے ساتھ ہڑتال اور دھرنے پر بیٹھ جائیں گے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان کو اسکے کوٹے کے مطابق بجلی دی جائے، یہ بات انہوں نے بدھ کی شب ان سے ملاقات کرنے والے بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی و زراء میر محمد خان لہڑی عبدالرشید بلوچ اراکین اسمبلی ملک نصیر شاہوانی اصغر خان ترین عزیراللہ آغا،سیکرٹری توانائی اور چیف انجینئر آپریشن کیسکو بھی موجود، وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بجلی کے مسائل سے متعلق بریفنگ دی گئی،وفد نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے زمینداری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے زمینداروں کو بھاری مالی نقصان پہنچ رہاہے ضلع پشین اور قلعہ عبداللہ میں بجلی کا شدید مسئلہ ہے اس سیزن میں فصلوں اور باغات کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے زراعت کے شعبہ سے وابستہ لاکھوں افراد کے بیروزگار ہونے کا خطرہ ہے۔وفد نے بتایا کہ اپنے حصے کے واجبات کی ادائیگی اور طے شدہ معاہدے کے باوجود زمیندار وں کو بجلی نہیں دی جارہی وولٹیج نہ ہونے سے ٹیوب ویلوں کی مشنری جل جاتی ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں کو بجلی کا نہ ملنا بہت بڑی زیادتی ہے صوبائی حکومت اپنے وسائل سے کیسکو کو گرڈ اسٹیشن کی تعمیر اور بجلی کے دیگر منصوبوں کے لئے فنڈنگ کرتی ہے صوبائی حکومت سبسڈی کی مد میں اربوں روپے دے رہی ہے زرعی ٹیوب ویلوں کی آڑ میں بجلی کی چوری اور لائن لاسز بھی سبسڈی کی مد میں ڈالے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کیسکو کے پیدا کردہ مسائل سے صوبے کا ماحول خراب ہوتا ہے زمیندار ہڑتالوں اور دھرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ہم بھی اپنے لوگوں کے ساتھ ہڑتال اور دھرنے پر بیٹھ جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کو اسکے کوٹے کے مطابق بجلی دی جائے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی سے صوبے کی بجلی کے کوٹے پر عملدرآمد کے لئے جلد ملاقات کرونگاملاقات میں وزیراعلیٰ کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل دی گئی جو بجلی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے با ت چیت کریگی وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کے مسئلے کے فوری حل کی ضرورت ہے اس موقع پرچیف انجینئر کیسکو کی جانب سے پشین اور قلعہ عبداللہ کے لئے6 گھنٹے بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی جبکہ کیسکو کی یقین دہانی پر زمیندار ایکشن کمیٹی نے احتجاج موخر کر دیا۔


