لندن میں پولیو وائرس کے پھیلا ؤ کے شواہد،قومی سطح پر ایمرجنسی لگادی گئی
لندن: برطانوی دارالحکومت میں پولیو وائرس کے پھیلا ؤ کے شواہد دریافت ہونے پر قومی سطح پر ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (یو کے ایس ایچ اے) نے بتایا کہ فروری میں نکاسی آب کی معمول کی نگرانی کے دوران مشرقی اور شمالی لندن میں ویکسین میں پائے جانے والے کمزور مگر زندہ پولیو وائرس کو دریافت کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے جمع کیے جانے والے نمونوں میں یہ وائرس پایا گیا ہے۔اب تک برطانیہ میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا اور عام افراد میں اس کا خطرہ کم ہے مگر حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کسی نقصان سے بچنے کے لیے ویکسینیشن کرالیں۔یو کے ایچ ایس اے کی مشیر ڈاکٹر ونیسا سالیبا نے بتایا کہ یہ کمزور پولیو وائرس بھی پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بالخصوص ایسی برادریوں میں، جن میں ویکسینیشن کی شرح کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد میں اس وائرس سے معذوری کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔


