رہزنوں کی فائرنگ، مزاحمت کرنیوالا شخص اور پولیس موبائل میں زیرحراست دکاندار زخمی

کراچی ( انتخاب نیوز) کورنگی عوامی کالونی میں پولیس نے دکانیں بند کرانے کے احکام پر عملدرآمد کراتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل ملازم قدرت اللہ ولد محمد کو حراست میں لیتے ہوئے پولیس موبائل میں بٹھایا ، موبائل جوں ہی کورنگی نمبر 4 کلو چوک کے قریب پہنچی تو موٹر سائیکل سوار شاہ جہان ولد یوسف کو لوٹنے والے ملزمان نے پولیس موبائل کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے شاہ جہاں اور موبائل میں سوار قدرت اللہ زخمی ہوگیا جبکہ موبائل کو بھی نقصان پہنچا، دونوں زخمیوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا ، اچانک حملے کے دوران پولیس کے سنبھلنے سے قبل ہی رہزن رفو چکر ہوگئے۔مزید برآں بہادر آباد کے علاقے دھوراجی میں مریم مسجد کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر عبدالرئوف ولد عمر آفتاب کو رہزنوں نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا، جسے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں