پاکستان نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کردی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر سیفران محمد طلحہ محمود نے حکومت پاکستان کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ افغان ناظم الامور سردار محمد شکیب کے حوالے کی۔ تقریب نور خان بیس راولپنڈی میں منعقدہ ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی موجود تھے۔ اسکے علاوہ پاکستانی وزارت خارجہ اور افغان سفارتخانے کے حکام نے بھی شرکت کی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی دوسری امدادی کھیپ میں فیملی خیمے اور اشیائے خورونوش شامل ہیں، جسے پی اے ایف C130 ایئر کرافٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے۔ دوران تقریب افغانستان میں زلزلے کے دوران قمیتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے اس مشکل گھڑی میں افغانستان حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور وزارت خارجہ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور دیگر ادارے امدادی سامان کی فراہمی کے لیے افغان حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ افغان ناظم الامور نے زلزلہ زدگان کیلئے فوری طور پر امداد بھجوانے پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔


