لاپتہ ارسلان خان پر مشتبہ گروہ سے مالی معاونت اور راوبط کا انکشاف، تنبیہ کے بعد رہا

کراچی (انتخاب نیوز) رینجرز نے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ارسلان خان کو تفتیش میں تعاون کرنے پر تنبیہ کر کے رہا کردیا گیا۔پاکستان رینجرز سندھ نے تصدیق کی ہے کہ کراچی سے گرفتار کیے گئے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور صحافی ارسلان خان، جن کی گزشتہ روز لاپتا ہونے کی اطلاع تھی ان کو رہا کردیا گیا ہے۔ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ رینجرز نے کراچی کے علاقے کلفٹن سے محمد ارسلان خان عرف ‘اے کے 47’ کو ایک مشتبہ مشکوک گروپ کے ساتھ روابط کی بنیاد پر گرفتار کیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے مذکورہ مشتبہ مشکوک گروپ سے مبینہ مالی معاونت لینے اور روابط کا انکشاف ہوا ہے۔ ترجمان رینجرز نے بتایا کہ واضح وائٹ کالر کرائم کی بنا پر مکمل تحقیقات کی غرض سے کیس متعلقہ حکام کے سپرد کیا جا رہا ہے۔ سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم کو مسقبل میں ہونے والی تفتیش میں تعاون کرنے کی تنبیہ کر کے رہا کردیا گیا۔ بعد ازاں ارسلان خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اپنی رہائی کی تصدیق کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ میں محفوظ اور صحیح سلامت گھر واپس آ گیا ہوں، آزمائش کی گھڑی میں جس طرح لوگوں نے میرے خاندان کو سپورٹ کیا، میرے پاس آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ارسلان خان کو صبح 4 بجے ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا گیا، مخالف آوازوں کو سزا دینے کیلئے اپنے پیاروں سے جدا کیے جانےکا ناپسندیدہ عمل ختم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں