تربت،حق دو تحریک کے زیراہتمام منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے تربت پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیاگیا

تربت (نمائندہ انتخاب)حق دو تحریک کیچ کے زیراہتمام انسداد منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے تربت پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیاگیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں منشیات کے خلاف پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پرمختلف نعرے اورمطالبات درج تھے، احتجاجی مظاہرین سے حق دوتحریک کیچ کے رہنماؤں محمدیعقوب جوسکی،غلام یاسین بلوچ،غلام اعظم دشتی، مولانا نصیر احمد زامرانی، وسیم سفر زامرانی، نوراحمد الہٰی، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سرپرستی میں بلوچستان میں منشیات پھیلائی جارہی ہے منشیات کے جو سرپرست نامعلوم ہیں وہ ہم سب کومعلوم ہیں،ملکی اداروں سے کہنا چاہتے ہیں کہ خدارا غریبوں پر رحم کریں انہوں نے کہاکہ بلوچ نوجوانوں کے ہاتھوں سے قلم چھین کرانہیں دانستہ طورپر منشیات کی لعنت میں مبتلاکیاجارہاہے تاکہ بلوچ نوجوان علم وشعور سے بے بہرہ ہوکر اپنے حقوق سے بیگانہ ہوجائیں، بلوچستان میں منشیات کاپھیلاؤایک پلاننگ کے تحت کیاجارہاہے یہی وجہ ہے کہ ایک کلو گھی اور روغن لانے پرتوپابندی ہے، آٹا لانے پرپابندی ہے جس سے ملکی سالمیت کو خطرہ ہے مگر منشیات پر پابندی نہیں، منشیات ہرگلی کوچے میں باآسانی دستیاب ہے، ہسپتال میں پیناڈول گولی نہیں، طلباء کیلئے کتاب نہیں مگر منشیات کی فراوانی ہے، انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں کا سماجی بائیکاٹ کیاجائے، علماء کرام سے اپیل کرتے ہیں کہ منشیات فروشوں کاجنازہ نہ پڑھائیں انہوں نے کہاکہ اینٹی نارکوٹکس فورس کو منشیات کے تدارک کیلئے قائم کیاگیاہے مگر منشیات کے تدارک میں اے این ایف کا کوئی رول نظرنہیں آتاہے، ہم اے این ایف، لیویز فورس اورپولیس کو بتاناچاہتے ہیں کہ وہ منشیات کے مکمل تدارک کویقینی بنائیں اور معاشرے کے نوجوانوں کو اس زہرقاتل سے بچاکر منشیات سے پاک وصاف معاشرہ کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں، انہوں نے کہاکہ حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے منشیات کے خلاف جس جہاد کا اعلان کیاہے اس میں معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا تاکہ ہم منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں کامیاب ہوسکیں، حق دو تحریک کے رہنماؤں کاکہناتھا کہ حق دو تحریک عوامی حقوق کے حصول کی تحریک ہے، یہاں پرمختلف ناموں اور مختلف نعروں کے ذریعے عوام کو سالہا سال سے دھوکہ میں رکھاگیا مگر اب عوام میں اپنے حقوق سے متعلق شعور بیدارہوگیاہے عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے منظم ہیں عوامی حقوق کے حصول کی یہ جدوجہد منظم اندازمیں جاری رہے گی، عوام نے عوام دشمن عناصر کے تمام ترپروپیگنڈوں اور سازشوں کومسترد کردیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں