لوگ عید قربان کی تیاریوں میں مصروف، ہم اپنے بابا کے انتظار میں دھرنا دیے ہوئے ہیں، سعیدہ عبدالحمید زہری

کراچی (انتخاب نیوز) لاپتہ عبدالحمید زہری کی صاحبزادی سعیدہ عبدالحمید زہری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تصویر میں منجمد ہماری زندگیاں! لوگ عید قربان کی تیاریوں میں اپنے کپڑے سلوا رہے ہیں، ہم اپنے وطن میں بے وطن جیسی زندگی گزار رہے ہیں اور وہ بھی بغیر جرم بغیر الزام، اوپر سے ریاض پیرزادہ کے بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے، ہمیں زندگی جینے کا حق نہیں ہے۔ جناب وزیر انسانی حقوق میرے بابا عبدالحمید زہری کو افغانستان کے شہر قندھار یا کابل، بغداد یا تہران سے نہیں اٹھایا گیا تھا پاکستان کے پہلے دارالخلافہ کراچی سے ہماری آنکھوں کے سامنے اٹھا کر لے گئے تھے، بے بس ہو تو ہاتھ کھڑے کردیں خدارا مگر ہمارے زخموں پر نمک پاشی نہیں کریں۔ کراچی پریس کلب کے باہر ہم لوگ عبدالحمید زہری کی بازیابی کیلئے تین دن سے احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہیں لیکن کسی بھی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ سعید عبدالحمید زہری نے مطالبہ کیا کہ ہمارے والد عبدالحمید زہری کو بازیاب کرکے ہمیں زندگی جینے کا حق دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں