موجودہ حکومت مہنگائی روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکی،مالک بلوچ

تربت(نمائندہ انتخاب) نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے ساحل اوروسائل کی محافظ جماعت ہے بلوچ قومی مفادات کے لیے نیشنل پارٹی نے عوامی طاقت کے ساتھ ہمیشہ جدوجہد کی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری اس وقت پورے ملک کا اہم مسئلہ ہیں، موجودہ حکومت بد قسمتی سے مہنگائی روکنے میں کارآمد نسخہ آزمانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کلگ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک قومی جمہوری پارٹی ہے جسے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے، حالیہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے نیشنل پارٹی کو ووٹ کرکے ثابت کردی کہ بلوچستان میں وسائل اور ساحل کے تحفظ کی سب سے بڑی سیاسی قوت نیشنل پارٹی ہے جسے عوام کی مکمل سپورٹ اور قوت حاصل ہے، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے اپنی ڈھائی سالہ دور حکومت میں بلوچستان کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کی اور ان میں سے بہت سوں کو مختصر مدت کے اندر تکمیل تک بھی پہنچایا، انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کا جو طوفان آیا ہے اس سے عام لوگ متاثر ہوئے ہیں بدقسمتی سے موجودہ حکومت مہنگائی اور بیروزگاری روکنے کے لیے کوئی کارآمد نسخہ نہیں پیش کرسکی جس کی توقعات ان سے تھیں اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سید ملا برکت، ضلعی نائب صدر طارق بابل، بی ایس او کے مرکزی وائس چیئرمین بوہیر صالح، نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فضل کریم، سابق ضلعی صدر محمد جان دشتی، ضلعی رہنما بلخ شیر قاضی، حفیظ علی بخش، کہدہ دوستین، سلیم زامرانی، بشیر زامرانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں