18ویں ترمیم: ’اختیارات کی واپسی نہیں چاہتے مگر این ایف سی ایوارڈ میں ایڈجسٹمنٹ ہونی چاہیے‘ فواد چوہدری
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صوبوں کو بھی دفاعی بجٹ اور میگا پراجیکٹس کے لیے حصہ دینا چاہیےپاکستان کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت صوبوں سے اختیارات واپس لینے کے حق میں ہرگز نہیں لیکن صوبوں میں رقم کی تقسیم کے لیے بنائے گئے این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے میں تبدیلی آنی چاہیے۔بی بی سی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اس ایوارڈ کے تحت صوبوں کو بڑی رقم چلی جاتی ہے لیکن وفاق کے پاس کچھ نہیں بچتا۔’اس وقت جو پاکستان کا سب سے بڑا خرچہ ہے وہ قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی ہے جبکہ دفاعی بجٹ بھی وفاق کا ایک بڑا خرچہ ہے۔’وفاق کو قرضوں کی ادائیگی کرنی پڑتی ہے، بڑے منصوبے چلانے ہوتے ہیں اور دفاعی بجٹ دینا ہوتا ہے لیکن یہ تمام وہ چیزیں ہیں جو صوبے بھی استعمال کرتے ہیں اس لیے صوبوں کو بھی دفاعی بجٹ اور میگا پراجیکٹس کے لیے حصہ دینا چاہیے۔‘وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ یہ معاملات این ایف سی ایوارڈ کے تحت آتے ہیں اس لیے ’این ایف سی ایوارڈ میں ایڈجسٹمنٹ ہونی چاہیے‘ اور اس پر جلد بحث کا آغاز ہو گا۔