الجیریا کا انقلاب اہل فلسطین اور مسلم قوم کیلئے متاثر کن ہے،اسماعیل ھنیہ
الجائرز(مانیٹرنگ ڈیسک)حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ الجیریا کا انقلاب ہم اہل فلسطین ،عرب دنیا اورپوری مسلم قوم کے لئے متاثر کن ہے۔اسماعیل ھنیہ نے الجیریا کے ساٹھویں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں شرکت کی ہے اور الجیریا کی طرف سے فلسطینیوں کے ساتھ گہرے تعلقات کی تعریف کی ہے۔ تقریب میں شرکت کے بعد جاری کئے گئے ایک بیان میں انہوں نے یوم آزدی کی تقریبات میں میزبان ملک کے صدر کی طرف سے دعوت دیئے جانے کو سراہا اور شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میری یہاں اس اہم دن کے موقع پر موجودگی دونوں طرف کے عوام کے تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔اسماعیل ھنیہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میری یہ شرکت فلسطینی عوام کی طرف سے الجیریا کے ساتھ تعلقات اور اس کے کردار پر فخر کا بھی اظہار ہے جو الجیریا فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کے لیے حمایت میں ادا کرتا ہے۔ الجیریا کا انقلاب ہم اہل فلسطین کے لیے ،عرب دنیا اورپوری مسلم قوم کے لیے متاثر کن ہے۔


