ماڈل فروا کاظمی نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی
کراچی (ویب ڈیسک)بولڈ لباس کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو ماڈل فروا کاظمی نے شوبز سے کنارہ کشی کرنے کی تصدیق کردی۔حال ہی میں فروا کاظمی نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انڈسٹری چھوڑ دی ہے اور یہ کہ انہوں نے کسی دوسرے کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی سے فیشن اور ماڈلنگ سے دوری اختیار کی۔انہوں نے ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے سے نئی دنیا کو کھوجنا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے شوبز سے دوری اختیار کی۔فروا کاظمی نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کے سسرال والے سیکولر ذہنیت کے مالک ہے جو دوسروں کے کام میں مداخلت نہیں کرتے، اس لیے ان کے لباس پر بھی وہ کوئی مداخلت نہیں کرتے۔ان کے مطابق نہ تو ان کے سسرال والوں نے پہلے ان کے لباس پر کوئی اعتراض کیا تھا اور نہ اب ان کے لباس پر انہیں کوئی اعتراض ہے اور نہ ہی ان کے لباس کی وجہ سے شوہر سے ان کے تعلقات خراب ہوں گے۔ واضح رہے فروا کاظمی نے 2015 سے قبل ماڈلنگ شروع کی اور 2019 تک وہ کیریئر کے عروج پر رہیں۔


