جے یو آئی کے ضلعی امیر پر قاتلانہ حملے کیخلاف خضدار میں احتجاجی ریلی
خضدار (انتخاب نیوز) جے یو آئی ضلع خضدار کے زیر اہتمام جمعیت علماءاسلام کے رہنماءجے یو آئی تحصیل زہری کے امیر میجر محمد رحیم پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کی عدم گرفتاری اور خضدار میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ و امن و امان کی بگڑتی ہوئی بدترین صورتحال کیخلاف احتجاجی ریلی مرکزی جامع مسجد خضدار بازار سے نکالی گئی جو شہر کی مختلف اہم شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ایدھی چوک پر پہنچ کر ایک بہت بڑے جلسہ کے صورت اختیار کر گئی۔ احتجاجی ریلی سے جمعیت علماءاسلام کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین نے خطاب کیا۔ احتجاجی جلسے سے جے یو آئی ضلع خضدار کے جنرل سیکرٹری مولانا عنایت اللہ رودینی، صوبائی نائب امیر مولانا محمد صدیق مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تحصیل زہری کے امیر میجر محمد رحیم پر قاتلانہ حملے کرنے والے افراد کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے، بصورت دیگر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ ریلی میں خضدار کی مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی پارٹیز، سول سوسائٹی، طلباءتنظیموں کے کارکنان، تاجر برادری اور خضدار کے غیور عوام کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔


