بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کا دھرنا 7 ویں روز بھی جاری، جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ منظور
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان سے لاپتہ افراد کے رشتے داروں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، بی این پی، بلوچ یکجہتی کمیٹی اور دیگر تنظیموں کی جانب سے لاپتہ بلوچ افراد کا دھرنا ساتویں روز بھی جاری رہا۔ دھرنے کے شرکاءنے حکومت سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا تھا جس پر بلوچستان حکومت کا چیف جسٹس بلوچستان کے سربراہی میں زیارت آپریشن کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اعلان کردیا۔ حکومت بلوچستان نے متنازع زیارت آپریشن کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی وزارت داخلہ نے بلوچستان ہائیکورٹ کو کمیشن کے قیام کے لیے باقاعدہ مراسلہ تحریر کر دیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق جوڈیشل کمیشن بلوچستان ٹریبیونل آف انکوائری آرڈیننس 1969ءکے تحت قائم کیا جائے گا جس کی سربراہی بلوچستان ہائیکورٹ کے جج کریں گے۔ صوبائی حکام کے مطابق کمیشن کے سربراہ کی نامزدگی بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کریں گے۔


