بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف تاجر برادری سراپا احتجاج، مظاہرے اور دھرنے
کراچی (انتخاب نیوز) بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکس وصولی کےخلاف شہر کے مختلف مقامات پر تاجر برادری نے احتجاجی مظاہرے کئے، کئی مقامات پر دھرنے بھی دیئے گئے، شدید مہنگائی سے متاثرہ تاجروں نے وفاقی، صوبائی حکومت اور کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے تاجروں نے کہاکہ وہ کسی صورت بھی ناجائز ٹیکس نہیں دیں گے، بجلی کے بل اٹھائے بعض تاجروں کا کہنا تھا کہ ان کے 15 یونٹ کا بل 7 ہزار روپے بھیج دیا گیا ہے جس میں یونٹ کا بل ایک ہزار جبکہ 6 ہزار روپے ناجائز ٹیکس شامل کیا گیا ہے، پاکستان چوک پر پرنٹنگ سے وابستہ دکانداروں نے احتجاج کے دوران غیرمعینہ مدت کیلئے کاروبار بند کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ دریں اثناءگلشن حدید میں تاجروں نے احتجاج کے دوران دھرنا دیکر ٹریفک معطل کردی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بل نہ بھرنے پر کے ای ظالم انتظامیہ نے بجلی کے کنکشن منقطع کرنےشروع کردیئے جو سراسر ظلم وزیادتی ہے۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تاجر برادری نے احتجاجی مظاہرے کئے، واضح رہے کہ گذشتہ روز جماعت اسلامی کی جانب سے شہر میں نماز جمعہ کے بعد 50 مقامات پر احتجاجی مظاہروں کااعلان کیا گیا تھا۔


