بلدیہ ٹاؤن میں مکان گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق، باپ اور تین بچے شدید زخمی ہوگئے
کراچی (انتخاب نیوز) بلدیہ ٹاؤن میں مکان گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق جبکہ باپ سمیت چار بچے شدید زخمی ہوگئے. واقعہ کے مطابق بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 25اے میں فیلڈ مارشل اسکول اور کاکڑ ہوٹل کے قریب واقع مکان اچانک زمین بوس ہوجانے سے 25 سالہ عذرہ زوجہ ضیاء الرحمان اور 4 سالہ زویا دختر ضیاء الرحمان جاں بحق جبکہ 4 ماہ کی زینب دختر ضیاء الرحمان، 20 سالہ شاہد ولد ضیاء الرحمان اور 40 سالہ ضیاء الرحمان ولد عطاء الرحمان شدید زخمی ہوگئے، صبح سویرے مکان گرنے سے ہونے والے دھماکے کی آوازسنتے ہی قریب واقع گھروں کے مکین خوفزدہ ہوکر نکل آئے، اطلاع ملتے ہی ایدھی کے رضاکار بھی ایمبولینسوں کے ہمراہ پہنچ گئے، علاقہ مکینوں اور ایدھی رضاکاروں نے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا. بتایا جاتا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے مکان کی بنیادیں کمزور ہونے سے مکان گرا ہے. واضح رہے کہ بلدیہ ٹاؤن سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بارش کا پانی تاحال کھڑا ہے جو کسی اور سانحے کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے.


