ایمن الظواہری پر حملے میں پاکستانی حدود استعمال کرنے کے ثبوت نہیں ملے، دفتر خارجہ
اسلام آباد:ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ایمن الظواہری کارروائی میں پاکستان کی فضائی حدوداستعمال ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ بھارت کے غیرقانونی اقدامات کیخلاف (آج) یوم استحصال منایاجائیگا۔جمعرات کو ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری کیخلاف کارروائی میں پاکستان کی فضائی حدود استعمال ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پاس امریکی سفیرکی جانب سے پاک افغان بارڈردورے سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ پاکستان کمبوڈیہ میں جاری 29 ویں آسیان ریجنل فورم میں شرکت کررہا ہے، پاکستان کی نمائندگی وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف (آج) جمعہ کو یوم استحصال منایاجائیگا، (آج) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کوتین سال مکمل ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے، مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کوماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے، کشمیری لیڈرشپ کوحق خودارادیت کیلئے آوازاٹھانے پرقیدمیں رکھاہواہے۔


