انعام بٹ نے سلور میڈل ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کے نام کردیا
برمنگھم (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی پہلوان انعام بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں جیتا ہوا سلور میڈل لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداءکے نام کر دیا۔ انعام بٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ سب کی دعاو¿ں اور سپورٹ کا شکریہ، اللہ کا شکر ہے جس نے سلور میڈل سے نوازا، یہ میڈل بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونیوالے افسران اور جوانوں کے نام کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل انعام بٹ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہماری ٹریننگ عالمی معیار کے مطابق نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود سلور میڈل جیت لیا، یہی بہت ہے۔ انعام بٹ نے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے ریسلنگ ایونٹ میں سلور میڈل جیتا تھا، انہیں بھارتی حریف نے شکست سے دوچار کیا تھا۔ یاد رہے کہ یکم اگست کو لسبیلہ میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں کور کمانڈر کوئٹہ اور ڈی جی کوسٹ گارڈز سمیت 6 افسران اور اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے۔


