نواز شریف 15 ستمبر تک پاکستان پہنچ جائیں گے، جاوید لطیف کا دعویٰ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے دعوی کیاہے کہ ممکن ہے نواز شریف 15 ستمبر تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔اپنے بیان میں جاوید لطیف نے کہا کہ جوں جوں عمران خان کا اصلی چہرہ نظر آ رہا ہے اس کے فراڈ عوام میں نمایاں ہو رہے ہیں، اب عمران کو بچانے والوں نے اس کے سر سے ہاتھ اٹھا لیا ہے۔جاوید لطیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے عمران خان بھی نااہل ہوگا اور اس کی جماعت پر بھی پابندی لگے گی۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔جبکہ سابق وزیر اعلی پنجاب ومسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آئندہ برس ہونے والے انتخابات میں نواز شریف انتخابی کمپین کی قیادت کریں گے۔لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستانی سیاست کا محور ہیں، جب ڈاکٹر اجازت دیں گے تو ان کی واپسی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس سے عمران خان کے کھوٹ کا پردہ فاش ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل وزیراعلی پہلی مرتبہ دیکھا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ سیاہ ترین فیصلہ تھا، جس میں آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی،بھاگ کر نہیں نجی دورے پر آیا ہوں۔


