لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے سے عوام کا بھلا نہیں ہوگا، صدر پی ایم اے
لاہور: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی نے کہا ہے کہ حکومت کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے سے عوام الناس کا بھلا نہیں ہونا ہے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ حکومت کا لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں کیونکہ اس سے عوام الناس کا بھلا نہیں ہونا۔ ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ وزیراعظم ایڈوائزری کونسل سے اجتناب کریں، یہ پہلے ہی حکومت کو شرمندہ کر چکی ہے، اب انہی کے فیصلے ملک و قوم کو اس نہج کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار بھی کیا کہ آئندہ تین ہفتے بہت اہم ہیں، نظر انداز نہ کریں۔ علاوہ ازیں طبی عملے میں کورونا کیسز سامنے آنے کے حوالے سے ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں 660 ہیلتھ پروفیشنلز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، انہیں حفاظتی کٹ پہننے اور اسے ضائع کرنے کی تربیت بھی نہیں دی گئی ہے۔