10 محرم پرامن طور پر گزر گیا، ملک بھر میں یوم عاشور پر جلوس اور مجالس کا انعقاد

کوئٹہ، کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور (انتخاب نیوز) حضرت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں عاشورہ محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس کے راستے مکمل طور پر سیل تھے۔ موبائل فون سروس بھی معطل رہی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی تھی۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کے باعث یوم عاشور پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوا۔ کراچی میں 10محرم کا مرکزی جلوس صبح 9 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا اور ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان پر ختم ہوا۔ اس کے علاوہ نشتر پارک میں یوم عاشور کی مرکزی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ پشاور کی مختلف امام بارگاہوں سے یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوئے۔ راولپنڈی میں مرکزی جلوس کرنل مقبول امام بارگاہ کالج روڈ سے صبح ساڑھے گیارہ بجے برآمد ہوا۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس صبح 9 بجے امام بارگاہ سید آباد علمدارروڈ سے برآمد ہوا، گلگت میں مرکزی جلوس صبح 7 بجے امامیہ جامع مسجد سے برآمد ہوا۔ ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رہی۔ حساس شہروں میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں