ہیلی کاپٹر حادثے پر ٹرینڈز بھارت سے چلائے گئے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے پر بننے والے جے آئی ٹی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاں بحق ہونیوالوں کیخلاف مہم بھارت اور دیگر ممالک سے چلائی گئی۔اس سلسلے میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیرصدرات اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ،ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ،ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد جعفر انٹیلجنس اداروں کے نمائندوں سمیت چھ رکنی ٹیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکڑ جنرل ایف آئی اے محسن بٹ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ محمد جعفر نے وزیر داخلہ کو سانحہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد جاں بحق ہونیوالوں سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری منفی مہم چلانے والوں کے متعلق ابتک کی تحقیقات پر تفصیلی بریفنگ دی۔جوائنٹ انکوائری ٹیم کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر سانحہ کے بعد منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کے تانے بانے پاکستان کے ساتھ ساتھ بارت اور دیگر ممالک سے بھی ملتے ہیں۔ مجموعی طور پر 774 اکاونٹس کا سراغ لگا لیا گیا ہے، جن میں سے 204 پاکستان 17 بھارت اور 16 دیگر ممالک سے نکلے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ابتک کی تحقیقات میں 90 افراد کو شارٹ لسٹ کرکے ان کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ابتک کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کو زیرو ٹالرینس پالیسی کے ساتھ تحقیقات آگے بڑھانے کی ہدایات کرتے ہوئے واضع کیا کہ کچھ بھی ہو کوئی بھی ملوث نکلے قانون اپنا راستہ بنائے اور ملکی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور لواحقین کی دل آزاری کرنے والوں کو قانون کے کہڑے میں لایا جائے گا۔ تمام ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایات کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں