امریکا میں ملعون سلمان رشدی پر چاقو سے حملہ، شدید زخمی

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں ملعون سلمان رشدی پر چاقو سے حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاتمِ رسول سلمان رشدی پر حملہ امریکی ریاست نیویارک کے علاقے شوٹاکوا میں اس وقت ہوا جب وہ ایک تقریب سے خطاب کیلئے اسٹیج پر پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق جمعے کی صبح سی ایچ کیو 22 کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں سلمان رشدی کو خطاب کرنا تھا اور جیسے ہی وہ اسٹیج پر آیا ایک شخص نے اس پر حملہ کردیا۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے اسٹیج پر آکر سلمان رشدی اور انٹرویو لینے والے ایک شخص پر چاقو سے حملہ کیا۔ بی بی سی کے مطابق سلمان رشدی کی گردن پر زخم آیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے فوری بعد سلمان رشدی کو وہاں سے لے جایا گیا جبکہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سلمان رشدی کو طبی امداد کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں