اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے والے عمران خان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہوگا، مولانا واسع
کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے ایک طرف اسمبلی سے استعفیٰ، دوسری طرف الیکشن میں حصہ لینا سیاست نہیں منافقت ہے، عمران خان کے خلاف ریفرنسز میں دیر کردی گئی، بہت پہلے ہونا چاہئیے تھا، ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہوگانئی نسل میں نفاق اور ناامیدی کا بیج بویا جا رہا ہے، پچھلے چار سال میں ہمارا کلچر تباہ کیا گیا، سیاستدانوں نے اگر لیڈر شپ کرنی ہے تو عوام کی حمایت سے کریں، جلسوں میں یقین نہ دلائیں کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں، تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہنے دیں، سیاست کے لیے کسی اور بے ساکھی پر کھڑے نہیں ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ سیاست کرنی ہے تو عوام کے ووٹ پر کریں کسی ادارے کے سر پر نہیں، ایک نئے دور کا آغاز کریں جس میں تمام ادارے اپنے اختیارات کا پاس کریں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف سنجیدہ جماعتیں تو دوسری جانب ایک مداری 9 حلقوں سے انتخابات لڑ رہا ہے، اسی مداری نے جمہوری نظام کا مذاق بنایا ہوا ہے، عمران نیازی امریکا اور اسرائیل کا غلام ہے جنہیں باہر سے پیسہ آرہا ہے تاکہ اس نظام کو تباہ کریں،امریکا میں ایک کمپنی اسے بتارہی ہے کہ امپورٹڈ حکومت کا نعرہ لگائیں۔ اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ مخلصانہ طور پر کھڑے ہیں کیونکہ ہمارا ہدف ایک ہے اور اس گند کو ٹھکانے لگانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ریفرنسز میں دیر کردی گئی، بہت پہلے ہونا چاہئیے تھا، ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہوگا سیاسی اور ذاتی لڑائیوں میں اداروں کو گھسیٹنے سے گریز کریں، ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو ذاتی فائدے کیلئے منفی پراپیگنڈا کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے کچھ لوگوں کی انا ملک و قوم سے بھی بڑی ہو چکی ہے، 14 اگست تقاضا کرتا ہے ہم اپنی انا، تکبر اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاست پر ریاست کو اہمیت دیں۔


