کابل میں آزادیاں بحال کرنے کیلئے خواتین کا احتجاج، حکومت کیخلاف نعرے
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغان دارالحکومت میں خواتین کے ایک چھوٹے سے گروہ نے اپنی آزادیوں کی واپسی کے لیے ایک ریلی نکالی۔ افغان حکام نے ریلی کو پرتشدد انداز میں منتشر کردیا۔ افغان حکومت نے اب تک خواتین کی آزادیاں بحال کرنے کے وعدے پورے نہیں کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان خواتین نے کئی مہینوں بعد پہلی مرتبہ کابل میں اپنے حقوق کے لیے ایک مظاہرہ کیا۔ تقریباً 40 خواتین کے گروپ نے بھوک کے بحران کے حوالے سے خوراک، کام اور آزادی جیسے نعرے لگائے اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین کے کام کرنے، تعلیم اور نقل و حرکت کے حقوق پر افغان حکام کی عائد کردہ پابندیوں کیخلاف بھی نعرے لگائے۔ ان خواتین میں سے کچھ نے اپنے چہرے بھی نہیں ڈھانپے ہوئے تھے۔ مظاہرین نے انصاف، انصاف، ہم جہالت سے تنگ آ چکے ہیں کے نعرے بھی بلند کیے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغان فورسز نے وزارت تعلیم کی عمارت کے قریب شہر کے وسط میں اس مظاہرے کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور خواتین پر حملہ آور بھی ہوئے۔


