سینیٹ کمیٹی برائے قانون وانصاف کی جوڈیشل کمیشن میں ججز کی تعداد کم کرنیکی تجویز

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سینیٹ کمیٹی برائے قانون وانصاف نے جوڈیشل کمیشن میں ججز کی تعداد سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ہونےوالے سینیٹ کمیٹی برائے قانون وانصاف کے اجلاس میں پی پی سینیٹر فاروق نائیک نے مذکورہ تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تعداد تین، چار کے تناسب سے ہوگی توتقرر موثر انداز میں ہو سکے گا اگر تناسب چھ ، تین ہو تو اجلاس میں ججز کے تقرر کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔سینیٹ کمیٹی میں تجویز دی گئی کہ متعلقہ ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ہی اس ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقررکیاجائے گا،ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کے تقررکے طریقہ کارپرفاروق نائیک کی تجویزکردہ ترمیم منظور کرلیا گیا، اس سے قبل ہائیکورٹ سینئرترین جج کو چیف جسٹس مقرر کئے جانے کے حوالے سے آئین خاموش تھا۔بعد ازاں سینیٹ کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد جوڈیشل کمیشن میں ججز کی تعداد چھ سے کم کر کے چار کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی جبکہ عدلیہ میں خالی نشست پرتقرر زیادہ سے زیادہ 90دن میں کئے جانے کی ترمیم بھی منظور کی گئی۔اجلاس میں فاروق ایچ نائیک نے خالی نشست پر تعیناتی ساٹھ دن میں کرنے کی تجویز دی جس پر وفاقی وزیر قانون نے اعتراض کیا کہ 60دن کم ہیں 90دن کردئیے جائیں تو اچھا ہوگا، کمیٹی نے اس تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے اس کی منظوری دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں