پی ٹی آئی کو ریلی کی اجازت نہ مل سکی، کارکنان زیرو پوائنٹ پر جمع

اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت دینے سے منع کردیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف نے ریلی کی اجازت اور سیکورٹی کے لیے درخواست دی تھی، ٹھوس وجوہات کی بنا پر ریلی نکالنے اور سیکورٹی دینے سے معذرت کی گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں سیکورٹی وجوہات پرکئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے، قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی شرکاء کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار ہوسکتی ہیں۔ زیرو پوائنٹ سے ایف 9 پارک تک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ بھی سیکورٹی رسک بن سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ترجمان نے مزیدکہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی درخواست کا بروقت جواب بھجوا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان شہباز گل سے اظہار یکجہتی کے لیے زیرو پوائنٹ پر جمع ہوگئے جس سے عام شہریوں کو سفر کرنے میں دشواری کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں