تربت‘ لاپتہ افراد کے لواحقین سے یکجہتی کیلئے سول سوسائٹی آج کیمپ لگائے گی
تربت(نمائندہ انتخاب) تربت سول سوسائٹی نے لاپتہ افراد کی ماورائے عدالت قتل روکنے کے لیے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ کے سامنے لواحقین کے احتجاج کو ایک مہینہ پورا ہونے پر 22اگست بروز پیرکو تربت میں یکجہتی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا، حق دو تحریک کیچ اور بی ایس او کے تمام دھڑوں نے کیمپ کی حمایت اور اس میں شرکت کا اعلان کردیا ہے، تربت سول سوسائٹی کے مطابق کوئٹہ ریڈ زون میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ زیر حراست افراد کی ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایک مہینہ سے احتجاج کررہے ہیں، ان کے احتجاج کو ایک مہینہ پورا ہونے پر تربت سول سوسائٹی بطور یکجہتی پرسوں بروز پیر صبح 10 بجے سے 1 بجے تک فدا شہید چوک پر احتجاجی کیمپ لگائے گی،تربت سول سوسائٹی نے تمام سیاسی و سماجی جماعتوں ان کی قیادت، کارکنان اور انسان دوست خواتین و حضرات سے یکجہتی کیمپ کی حمایت اور اس میں شرکت کی اپیل کی ہے۔


