بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلے، نہروں میں شگاف، آبادیاں زیر آب
اوستہ محمد،سوراب، مستونگ (انتخاب نیوز) بلوچستان بھر میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں، مختلف اضلاع میں طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں سیلابی ریلے، مختلف مقامات پر نہروں میں شگاف پڑ گئے۔ اوستہ محمد میں بالان شاخ کو دو جگہوں پر شگاف، کئی گوٹھ زیر آب آگئے، کئی گھر زمین بوس۔ گزشتہ شب بالان شاخ کو حق باہو فارم کے سامنے 20 فٹ چوڑا شگاف اور جیکب آباد روڈ سے نیچے دوسرا شگاف دس فٹ کا لگ گیا جس سے کئی گوٹھ زیر آب آگئے جس میں گوٹھ چھلگری، کاکڑ قلعہ، حق باہو فارم، زمان ترین، وڈیرہ شاہ مراد جتک، سردار شیر محمد جتک، مراد بروہی سمیت کئی گوٹھ زیر آب آگئے۔ اگر یہ شگاف بند نہ کیے گئے تو جعفرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، جیکب آباد سے اوستہ محمد، گنداخہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوجائے گا۔ لوگوں میں خوف و ہراس، ملیریا، بخار اور دیگر مہلک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ مون سون کے حالیہ اسپیل نے سوراب میں تباہی مچادی، شہر سمیت دوردراز دیہی علاقے مولی خل بھٹ، چرک اور جیوا میں سینکڑوں مکانات منہدم یا ناقابل رہائش بن چکے، مقامی انتظامیہ دستیاب وسائل میں ہرممکن ریلیف فراہم کرنے میں مصروف تاہم بڑے پیمانے پر ہونے والی نقصانات کے مقابلے میں وسائل اور امدادی سرگرمیاں ناکافی ہیں، صوبائی حکومت اور غیر سرکاری فلاحی اداروں سے سوراب میں بارشوں سے ہونی والی نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اور توجہ مبذول کرنے کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق مون سون سیزن کے حالیہ اسپیل نے ضلع سوراب کو ہلا کر رکھ دیا ہے، وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارشوں سے ضلع بھر میں ہزاروں ایکڑ پر زیرکاشت زرعی فصلات سیلابی ریلوں کی نذر ہوکر تباہ ہوچکی ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں رہائشی مکانات منہدم یا ناقابل رہائش بن چکے ہیں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں بھی شدید متاثر ہوچکی ہیں،تاہم اس مخدوش صورتحال میں سوراب انتظامیہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ اس تمام تر صورت حال میں انتہائی فعال کردار کررہے ہیں، گزشتہ دو ماہ سے جاری مسلسل بارشوں نے ضلع سوراب کے دور دراز علاقوں مولی جیوا لاکھوریان خل بھٹ چرک گدر چھڈ اور کئی دیگر بستیوں کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے، لوگوں کا واحد ذریعہ معاش زراعت کا شعبہ بلکل تباہ ہونے کے باعث کاشت کاروں کی سال بھر کی کمائی سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکی ہیں اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ چلتن و غنجہ ڈھوری کی طرف سے آنے والے بڑا سیلابی ریلہ مستونگ کے نواحی علاقہ کلی کاریز سیف اللہ کے قریب آباد خانہ بدوشوں کی جھونپڑیاں اور انکے سامان بھی سیلاب کی نظر ہوگئے، خانہ بدوشوں کے مکین آسمان لے بے یارومدد گار پڑے ہیں۔ انھوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔


