کوئٹہ میں نکاسی آب کا ناقص نظام، بارش کا پانی گھروں میں داخل، انتظامی دعوے دھرے رہ گئے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) تیز بارشوں سے بیشتر علاقے زیر آب، میٹرو پولٹین کارپوریشن کے صفائی کے دعووں کا پول کھل گیا، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ گزشتہ ایک مہینے سے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موسلادھار بارش کے بعد بروری روڈ دوسرا اسٹاپ، گشکوری اسٹریٹ، کلی ابراہیم زئی سمیت شہر اور نواحی علاقے زیر آب آگئے۔ ایک مہینے سے جاری بارشوں نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے دعووں کا پول کھول دیا۔ منتخب عوامی نمائندے، حکمرانوں اور ضلعی انتظامیہ کے آفیسران کو عوام کی مشکلات کا ادراک نہیں، جو باعث تشویش ہے۔ مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ تو جاری کیا گیا مگر متعلقہ حکام نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں اور بارشوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے گھر میں موجود چیزیں خراب ہوگئیں اور انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کوئٹہ شہر کے مکینوں نے ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ و دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ بروری روڈ اور شہر کے دیگر مقامات پر سیوریج کے نظام کو بہتر بنا کر بارش کے پانی کا اخراج یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں