خضدار، ایس ایس ایف کی جانب سے 16 روزہ ہیلپنگ ڈیسک کے اختتام پر تربیتی سیشن

خضدار (پ ر) سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج خضدار میں طلباءو طالبات کو مضامین منتخب کرنے، مختلف شعبوں کی مستقبل میں اہمیت، افادیت و ضرورت اور کالجز، ڈائریکٹوریٹ و حالیہ جامعات میں جاری آنلائن داخلوں کے سلسلے میں مدد و رہنمائی اور فری رجسٹریشن کے حوالے سے منعقدہ سولہ (16) روزہ ہیلپنگ ڈیسک کے اختتام پر طلبہ کے لئے تنظیم کی جانب سے تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔ سیشن میں طلبہ کو کالجوں میں مضامین کی اہمیت، کالج کے اصول و ضابطے اور دو سالہ سفر کی اہمیت و مسقبل میں مختلف شعبوں کی اہمیت و افادیت سمیت جامعات میں داخلوں کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ واضح رہے کہ ہر سال کالجوں و جامعات میں داخلوں کے دوران بروقت رہنمائی اور آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ و طالبات کو شعبوں کے انتخاب اور آن لائن رجسٹریشن میں درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تنظیم کی جانب سے سالانہ آگاہی تقاریب و دیگر کیریئر کاﺅنسلنگ کے سلسلے میں تقاریب منعقد کرنے کے علاوہ ہیلپنگ ڈیسک کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ اسی حوالے سے گزشتہ 16 روز سے ڈگری کالج خضدار میں تنظیم کی جانب سے طلبہ و طالبات کی کیریئر کاﺅنسلنگ کے ساتھ انکی مفت آن لائن رجسٹریشن کے سلسلے میں ہیلپنگ ڈیسک منعقد کی گئی جہاں موسم کی خرابی کے باوجود بے شمار طلبہ کی کیریئر کاﺅنسلنگ مع مفت آن لائن رجسٹریشن کرنے کے علاوہ فارم بھرنے و دیگر درپیش مشکلات میں طلبہ و طالبات کی بھرپور کمک کی۔ تقریب میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس ایف کے سابق چیئرمین فضل یعقوب بلوچ نے موجودہ کابینہ، سینٹرل کمیٹی اور دیگر ذمہ داران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج تنظیمی نمائندوں کی خدمات کو دیکھ کر حقیقی معنوں میں مطمئن ہوں کہ ہم نے جس جمہوری انداز سے موجودہ کابینہ منتخب کی تھی وہ عملاً نظر آرہی ہے کہ کس طرح قدرتی و مصنوعی رکاوٹوں کے باوجود تنظیم اپنی ڈگر پر کامیابی سے رواں دواں ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ کالج میں داخلہ لینے کے بعد طلبہ و طالبات کو دانستہ یا نادانستہ طور پر یہ باور کرایا جاتا ہے کہ مسقبل میں ان کیلئے صرف میڈیکل و انجینئرنگ کے شعبے ہیں، اس کے برعکس اگر دیکھا جائے تو اندرون و بیرون ملک سینکڑوں شعبہ جات اپنی مخصوص اہمیت اور اسکوپ کے ساتھ وجود رکھتے ہیں اور ان شعبوں کے ماہرین کی ضرورت انتہائی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس ایف کی بدولت آج کثیر تعداد میں طلبہ مذکورہ شعبوں کے علاوہ اپنی پسند اور قابلیت کے مطابق شعبوں کا انتخاب کررہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے میٹرک اور ایف ایس سی کے بعد اعلیٰ تعلیم کی حصول کےلئے لائق اور فائق طلبہ و طالبات کے پاس اسکالر شپ اور دیگر مواقع ہیں جن کی مدد سے نامور تعلیمی اداروں میں اپنے والدین کے خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایس ایس ایف ہی اپنی نوعیت کا وہ واحد پلیٹ فارم ہے جو طلبہ و طالبات کی اکیڈمک کیریئر میں بھر پور مدد و رہنمائی اور کیریئر کاﺅنسلنگ کرتا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کالج انتظامیہ اور پرنسپل کی جانب سے اجازت و یقین دہانی کے باوجود عین موقع پر کالج ہال میں تقریب منعقد کرنے سے روکا گیا جو کہ انتہائی نا مناسب اور قابل مذمت عمل و رویہ ہے، مگر تنظیم کے نمائندوں نے ہمت و استقامت سے کام لیتے ہوئے کالج کے باہر ناخوشگوار موسم میں بھی اپنی تقریب منعقد کرکے اپنی علم دوستی کا ثبوت دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں