آواران، سیلاب متاثرین کو سیاسی بنیاد پر امداد دینا قابل مذمت ہے، نیشنل پارٹی

آواران (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری چیئرمین خیر جان بلوچ نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعلیٰ کی جانب سے آواران میں نیشنل پارٹی کے کارکنوں و ہمدردوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سرکاری ملازمین کو صوبے کے دور دراز اضلاع میں ٹرانسفر کیا جارہا ہے۔ نیشنل پارٹی سے منسلک عوام کو ریلیف و ریسکیو سے بھی دور رکھا جارہا ہے اور ریلیف کو صرف ٹیسٹ ٹیوب پارٹی بی اے پی والوں تک محدود رکھا جارہا ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔ نیشنل پارٹی اپنے کارکنوں اور ہمدردوں کو کسی کے انتقام کا نشانہ بننے نہیں دے گی، ڈسٹرکٹ میں موجود انتظامیہ، ایجوکیشن کے ذمہ داران کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ کٹھ پتلی ہونے کے بجائے میرٹ و شفافیت اور فرائض کو نھبائے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعلیٰ کو آوران کے عوام نے ووٹ نہیں دیا اور وہ عوام پر مسلط شدہ ہیں جس نے ہمیشہ آوران کے عوام پر دھاندلی اور جعلی انداز پر حکمرانی کی اور آوران کو پسماندگی، لاچارگی اور کھنڈر میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے آوران میں تباہی مچادی ہے، عوام بے یارو مددگار پڑے ہیں اور حکومت کی طرف سے ریلیف صرف بی اے پی سے تعلق رکھنے والے افراد کو فراہم کیا جارہا ہے۔ اقرباپروری کی انتہا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اپنے کارکنوں و ہمدردوں کا تحفظ کرنا جانتی ہے، اگر سیاسی انتقام کو بند نہ کیا گیا اور سیلاب متاثرین کو انسانیت کی بنیاد پر ریلیف فراہم نہیں کی گئی تو نیشنل پارٹی جمہوری احتجاج شروع کریگی اور اس کو بلوچستان بھر میں وسط دینے کے ساتھ ساتھ قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالت بھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں