دانش سکولوں کو صوبے کے دیہاتوں میں تعمیر کرنے کا اعلان لوگوں کی ذاتی مفادات کے سوا کچھ بھی نہیں، صادق عمرانی
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی دورہ کوئٹہ کے موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں اور خصوصاً دانش سکولوں کے افتتاح کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے اپنے ایک اہم خدشے کا بھی اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کی تعمیر صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور کثیر آبادی والے بڑے شہروں کی بجائے کم آبادی والے دیہاتوں میں تعمیر کا اعلان منظور نظر لوگوں کی ذاتی مفادات اور سیاسی مقاصد کے سوا کچھ بھی نہیں لہذا غیر آباد علاقوں میں دانش سکولوں کی تعمیر سے عوام کو اجتماعی طور پر کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ صوبائی وزیر نے اس ضمن میں کہا کہ نصیر آباد ڈویژن زیادہ آبادی والا علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے کے زرعی پیداوار میں بھی انتہائی اہمیت کا حامل ڈویژن ہے اور نصیر آباد جیسے اہم علاقے کیلئے دانش سکول عدم فراہمی ہمارے پورے علاقے کے عوام کے ساتھ سخت زیادتی ہے، میر محمد صادق عمرانی نے وزیر اعلیٰ اور کور کمانڈر بلوچستان سے اپیل کی کہ دانش سکولوں کی تعمیر کے لیے منتخب علاقوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے نصیر آباد ڈویژن کی اہمیت اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارے بچوں کو اپنے ہی ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں بہترین تعلیم کے حصول کیلئے ڈیرہ مراد جمالی شہر میں ایک دانش سکول کی تعمیر کا اعلان کیا جائے تاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ان منصوبوں کے ثمرات بڑے شہروں میں موجود عوام تک بھی پہنچ سکیں۔


