عوام امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیکر انسان دوستی کا ثبوت دیں، بی وائی سی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچ یکجہتی کمیٹی نے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ بارش اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے ڈیرہ جات سے لیکر نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، لسبیلہ، نوشکی اور مختلف علاقے زیر آب آئے ہیں جس سے اب تک سینکڑوں اموات جبکہ ہزاروں افراد اپنے گھر بار سے محروم ہو چکے ہیں اور آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ ایسے حالات میں انہیں امداد اور مدد کی ضرورت ہے۔ عوام سیلاب زدگان کو حکومتی فنڈز و ریلیف کے بھروسے پر چھوڑنے کے بجائے خود آگے آکر اپنی بساط کے مطابق متاثرین کی مدد کریں۔ ترجمان نے کہا کہ اس وقت سیلاب زدگان کی امداد میں صوبائی و وفاقی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے سیلاب متاثرین شدید مشکلات میں ہیں۔جبکہ ایسے بھی شواہد سامنے آرہے ہیں کہ حکومتی سطح پر حالیہ سیلاب زندگان کے نام پر کئی ممالک سے فنڈز لیکر کھائے جارہے ہیں۔ ایسے حالات میں عوام کو حکومتی امداد کے انتظار میں چھوڑنا انہیں موت کے منہ میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ عوام اس مشکل گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوکر ایک زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیں۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں جب بھی ایسے مشکل حالات آئے ہیں تو عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ حالیہ قدرتی آفات میں بھی عوام کو شدید جانی و معاشی نقصانات کا سامنا ہے مگر ہماری ایک چھوٹی سی مدد بہت سے لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کرسکتی ہے۔ اگر بروقت سیلابوں میں پھنسے لوگوں کو بنیادی ضروری اشیاء فراہم نہیں کی گئیں تو یہ جانی و معاشی نقصانات زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ لہٰذا عوام اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب متاثرین کی بھر پور مدد کریں۔


