عمران خان سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کریں،وزیراعلیٰ پنجاب

اسلا م آباد(انتخاب نیوز)پاکستان کے کئی علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچادی جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئیں، جہاں ایک طرف حکمران اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا، وہیں لوگ عمران خان سے جلسے ملتوی کرکے سیلاب زدگان کی مدد کا بھی مطالبہ کررہے تھے، اب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بھی عمران خان سے درخواست کردی اور اس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنماﺅں کو پیغام بھی پہنچادیا۔تفصیلات کے مطابق پرویز الٰہی نے سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر اور عمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فرازسے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور کہا کہ "میری طرف سے عمران خان سے درخواست کریں کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کریں”۔ان کاکہناتھاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے پورا ملک متاثر ہوا ہے، سب کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھنا چاہیئے، سڑکوں، سکولوں، ہسپتالوں کی دوبارہ بحالی کیلئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی،خوارک اور ادویات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کے نقصان کا ازالہ کریں گے اور مکانات دوبارہ بنا کر دیں گے،سیلاب سے متاثرین کی بحالی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں