ٹاور گرنے سے سسٹم پر بوجھ بڑھ گیا، متبادل ذرائع سے بجلی دے رہے ہیں، کیسکو ترجمان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں سیلابی ریلوں نے صوبے کے 27گرڈ اسٹیشنر کو متاثر کیا جس سے بجلی کا 700میگا واٹ شارٹ فال پیدا ہوگیا ہے۔ کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ کیسکو ترجمان کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال میں کیسکو کے 220 کے وی اور132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور گرنے کی وجہ سے کیسکو سسٹم پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔ٹاورز گرنے سے کیسکو کو تقریبا 700میگاواٹ بجلی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ اس وقت کیسکو کے سسٹم میں تقریبا 250میگاواٹ تک بجلی دستیاب ہے بی بی نانی پل کے قریب این ٹی ڈی سی کے 220 کیوی کے10 ٹاورز گرگئے،پیرغائب کے علاقے میں کیسکو کے132 کیوی کے3 ٹاور گرگئے ہیں۔ترجمان کے مطابق اس وقت کوئٹہ کو متبادل زرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ مجموعی طور پر صوبے کے27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے جن میں خضدار، وڈھ، باغبانہ،قلات،نال، زہری، بیسیمہ، گدر، منگچر، کڈکوچہ،سوراب گرڈ اسٹیشنز سے منسلک علاقے شامل ہیں۔ان کے علاوہ مستونگ،نوشکی،چاغی،خاران اوردالبندین کے علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔لورلائی،ژوب،قلعہ سیف اللہ، پشین،چمن کیعلاقوں کو بھی ضرورت کے مطابق سٹی و دیہی فیڈروں کو یومیہ 2گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔بولان میں زمینی راستہ اور مواصلاتی نظام منقطع ہونے سے اسٹاف کو پیٹرولنگ اور بجلی کی بحالی کے کام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اورصورتحال کو معمول پر آنے میں کم از کم 1 ہفتہ لگ سکتا ہے۔


