ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 36 اموات تعداد 1162 ہوگئی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) مون سون بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چوبیس گھنٹوں میں مزید 36 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک جانبحق ہونے والے افراد کی تعداد 1162 ہوگئی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جان و مال نقصانات کی تفصیلات جاری کرد ہےں۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب19،کے پی 9 جبکہ بلوچستان میں5 افراد لقمہ اجل بنے، حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ میں 405 اموات ریکارڈ ہوئیں، بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے ہلاک ہونے افراد کی تعداد 249 تک جا پہنچی، خیبرپختونخوا میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 257 ریکارڈ کی گئی، اسی طرح پنجاب میں 187 ، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 41 افراد زندگ کی بازی ہار گئے، رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 506 مرد 231 خواتین جبکہ 384 بچے اب تک جان کی باز ہار گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1941 افراد حالیہ بارشوں اور سیلاب سے زخمی ہوئے، ملک بھر میں اب تک زخمی ہونے والے افراد کی کل تعداد 3554 ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں سے سب سے زیادہ پنجاب میں 2023 افراد زخمی ہوئے، سندھ میں زخمی افراد کی تعداد 1074 تک جا پہنچی،بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے زخمی افراد کی تعداد 110 ہے، خیبر پختونخوا میں 321 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 زخمی سامے آئے، بارشوں کے سلسلہ میں ملک بھر میں 3لاکھ چوبیس ہزار تین سو 86 گھر تباہ ہوئے، بارشوں اور سیلاب سے جزوی طور پر سات لاکھ تینتیس ہزار گھروں کو نقصان پہنچا، ملک بھر میں 243 پلوں اور 173 دکانوں کو حالیہ بارشوں سے نقصان پہنچا، ملک بھر میں 7 لاکھ تیس ہزار سے زائد مویشیوں کا نقصان ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کل 5063 کلو میٹر سڑک کو حالیہ بارشوں کے باعث نقصان پہنچا ہے ، ملک بھر کے 72 اضلاع بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہیں،ملک بھر میں تین کروڑ تیس لاکھ 46 ہزار سے زائد افراد بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے،ملک بھر میں چار لاکھ. 62ہزار افراد کو کیمپس میں ریسکیو کیا گیا۔


