سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے سازوسامان کے 10 ٹرک بھجوا رہے ہیں، چینی قونصل جنرل

فیصل آباد (انتخاب نیوز) قونصل جنرل آف پیپلز ری پبلک آف چائینہ مسٹرزہاﺅ شیرن نے کہاہے کہ حکومت چائینہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے سازوسامان کے 10 ٹرک بھجوارہی ہے۔ چین اور پاکستان دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور یہ سفر تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا ، سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے فیڈمک کے ساتھ آئندہ بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ جوکمپنیاں فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری سے متعلق دلچسپی کا اظہار کریں گی ان کے نمائندوں پر مشتمل وفد پاکستان آکر فیڈمک کے اکنامک زونز کا دورہ کرے گا تاکہ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو عملی شکل دی جا سکے آن لائن کے مطابق گذشتہ روز قونصل جنرل آف پیپلز ری پبلک آف چائینہ مسٹرزہاﺅ شیرن نے فیصل آباد کا دورہ کیا اورفیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک)کے زیر اہتمام سپیشل اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سیکیورٹی کے اقدامات پر بریفنگ لیتے ہوئے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔چائینز کمپنی ٹائم سرامکس میں منعقدہ بریفنگ سیشن میں چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فضیل آصف، سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احمد جاوید قاضی اور ڈپٹی کمشنر /سی ای او فیڈمک عمران حامد شیخ نے چائینزقونصل جنرل کو خوش آمدید کہا۔اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ خاور بشیر،سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور فیڈمک کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر / سی ای او نے بتایا کہ ویلیو ایڈیشن سٹی225۔ایکٹر،ایم تھری انڈسٹریل سٹی 4356۔ ایکٹراور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3217۔ایکٹر رقبہ پر محیط جہاں فارماسیوٹیکل،ٹیکسٹائل،پینٹ،سٹیل،فرنیچر،کیمیکلز،پروسیسنگ،موبائل ودیگر انڈسٹریز قائم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سپیشل اکنامک زونز میں پلاٹس کی خرید پر خصوصی پیکجز دیئے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زونز میں روڈ،سیوریج،واٹر سپلائی،شاپنگ مالز ودیگر سہولیات کے علاوہ بجلی وگیس کے سو فیصد کنکشنزکے لئے بھی تیز رفتار پیشرفت جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ چائینز سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات بھی جاری ہیں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ چائینہ،ترکی،کوریا،یوکے،کینیڈا،سعودی عرب ودیگر ممالک کی طرف سے اب تک 4151611 ملین سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔ قونصل جنرل نے دورہ کو مثالی قرار دیا اور انتظامیہ وپولیس افسران کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے پاکستان کے بعض علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر رنج کا اظہار کیا قونصل جنرل نے ایم ڈی انڈسٹریل سٹی کا بھی دورہ کیا اور سائٹ پر سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ لی۔انہوں نے فیڈمک سائٹ آفس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور ماحول کو تروتازہ رکھنے کے سلسلے میں پلانٹیشن کو ناگزیر قرار دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور قونصل جنرل چین کی طرف سے یادگاری شیلڈ کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں