سیلاب متاثرین کو جلد ازجلد ریلیف فراہم کیا جائے، صوبائی مشیر داخلہ کی ہدایت

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے محکمہ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل /ریلیف کمشنر کو ہدایات جاری کی ہے کہ متاثرین کو جلد ازجلد ریلیف فراہم کیا جائے اور اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے بلوچستان کا سکھر(سندھ)میں جزوی ریلیف کیمپ قائم کردیا گیا ہے مشیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کا زمینی راستہ ملک بھر سے تقریبا 80 فصید راستہ ملک کے دیگر حصوں سے کٹ چکا ہے سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کو جاری رکھنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں سکھر سے ملحقہ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد ڈویژن اور دیگرملحقہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کو جاری رکھنے کیلئے کیمپ قائم کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیر داخلہ میر ضیا نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں اور بروقت عملداری کیلئے اقدامات پر بات چیت کے موقع پر کہی مشیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی اور ان کی بحالی کو اپنی صوبائی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ متاثرین مشکل کی اس گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں،صوبائی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ مشیر داخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی مدد اور انہیں فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متحرک ہیں اورسیلابی صورتحال بہتر ہوتے ہی متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے بھی فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ واضح رہے مشیر داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو ریلیف کی فراہمی اور بحالی کی سر گرمیاں جاری ہیں۔ قلات میں تاحال2 ڈیم ،5 سڑکوں کو بحال کر لیا گیا ہے اس کے علاوہ بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں44312 فوڈ پیکجز اور خیمے بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح بلوچستان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف گھرانوں کو خوراک فراہم کی گئی اور متاثرہ دیہات سے نکاسی آب جاری ہے۔متاثرہ آبادی کے لوگوں کو عارضی طور پر قائم کیمپس منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ قلات، کے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے بھاری مشینری بھی مصروف عمل ہے۔جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل ریلیف کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں