فوجی سیلاب متاثرین کی مدد کو ذمہ داری سمجھ کر پورا کریں،آرمی چیف
راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑی ہے، متاثرین کی مشکلات پر قابو پانے میں بھرپور مدد کریں گے،فوجی جوان سیلاب سے متاثرہ بھائیوں،بہنوں کی مشکلات کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقے روجھان کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کے کیمپس میں متاثرین سے ملاقات کی۔متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کیساتھ کھڑی ہے، پاک فوج سیلاب متاثرین کی مشکلات پر قابو پانے میں بھرپور مدد کرے گی۔ متاثرین نے داد رسی اور امداد پر آرمی چیف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، متاثرین کی طرف سے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امدادی کاموں میں مصروف فوجی جوانوں سے بھی خطاب کیا اور جوانوں کو ہدایت کی کہ اس ذمہ داری کو نیک مقصد کے طور پر لیں اور سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مشکلات کم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔


