لاپتہ افراد سے متعلق 7 رکنی پارلیمانی کمیٹی کل کوئٹہ پہنچے گی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمانی کمیٹی ایک روزہ دورے پر کل کوئٹہ پہنچے گی جہاں وہ دھرنے پر بیٹھے بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین، وزیراعلیٰ بلوچستان ودیگر سے ملاقاتیں کرینگے جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان لاپتہ افراد سے متعلق کمیٹی کوبریفنگ دینگے۔ یاد رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی درخواست پر وفاقی کابینہ نے 7 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے چیئرمین اعظم نذیر تارڑ، جبکہ ممبران وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، اسد محمود، شازیہ مری، محمد اسرار ترین، سید فیصل علی سبزواری اور آغا حسن بلوچ شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ قانونی ماہرین، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی بلا کر ان سے تجاویز لیں اور اپنی رپورٹ اور سفارشات کابینہ کے سامنے رکھے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات پر بحث کے بعد جبری گمشدگیوں کے حوالے سے پالیسی طے کی جائے گی اور فیصلے کیے جائیں گے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ کے مطابق پارلیمانی کمیٹی روزہ دورے پر کل کوئٹہ آئے گی، آغا حسن بلوچ کی جانب سے شیئر کیے گئے شیڈول کے مطابق کمیٹی کو چیف سیکرٹری کی جانب سے بریفنگ بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقاتیں کرے گی۔


