ملک بھر میں چہلم شہداءکربلا کی سیکورٹی کیلئے فوج طلب، کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند ہوگی
اسلام آباد، کوئٹہ (انتخاب نیوز) ملک بھر میں چہلم حضرت حسینؓ کے موقع پر سکیورٹی کیلئے فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ وزارت داخلہ میں سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ چہلم حسینؓ پر فوج اور سول حکومت کی مدد کیلئے سکیورٹی فرائض سرانجام دے گی، فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز بھی سکیورٹی خدمات سرانجام دیں گی۔ ان کا کہنا تھاکہ فوج سیلاب ڈیوٹی کےساتھ ساتھ چہلم سکیورٹی کیلئے بھی اپنی خدمات دے گی۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ سینٹرل کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اورسکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا، چہلم کے جلوس، راستوں اورامام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ دریں اثناءشہداءکربلا کے چہلم کی مناسبت سے کوئٹہ میں آج جلوس برآمد ہونگے شہر میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق شہداءکربلاءکا چہلم آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائےگا۔ اس سلسلے میں مرکزی جلوس صبح 9بجے علمدار روڈ سے برآمد ہوگا جو شام کو بہشت زینب ہزارہ قبرستان پر ختم ہوگا۔ جلوسوں کی سیکورٹی کے لئے پولیس، لیویز، بی سی، آر آر جی، ایف سی کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوئٹہ شہر میں آج صبح 6 سے رات 9 بجے تک موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔


