الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکشن کمیشن آف پی ڈی ایم بن چکا ہے، بابر اعوان
راولپنڈی (انتخاب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکشن کمیشن آف پی ڈی ایم بن چکا ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ سارا ڈیزائن ہے کہ مائنس ون کیا جائے جو نہیں ہونا، مائنس کرنے والے خود ہی مائنس ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکشن کمیشن آف پی ڈی ایم بن چکا ہے، الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم سے متعلق ابھی تک کوئی آرڈر جاری نہیں کیا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن نہ عدالت ہے نہ ٹریبونل ہے، آئین کے آرٹیکل 204 میں واضع لکھا ہے کہ توہین عدالت کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کو ہے، الیکشن کمیشن کو خود سوچنا چاہیے کہ وہ اپنا مزاق بنارہے ہیں۔عمران خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے گورننس کا کہیں کوئی نشان تک نظر نہیں آیا، شہباز شریف دنیا کا پہلا وزیر اعظم ہے جسکا ملک پانی میں ڈوبا ہے اور وہ امریکا بوٹ پالش کرنے گیا ہے۔بابر اعوان نے مزید کہا کہ یہ اقوام متحدہ نہیں امریکا گئے ہیں کیونکہ انکو ملازمت وہیں سے ملی ہے، ملک کی صورت حال یہ ہے کہ غریب کیلئے دو وقت کا کھانا مشکل ہوگیا ہے۔


