جیکب آباد، امدادی سامان نہ ملنے کیخلاف سیلاب زدگان کا احتجاجی مظاہرہ، ڈی سی آفس پر دھرنا

جیکب آباد (نامہ نگار) محنت کشوں کا امدادی سامان نہ ملنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں مزدور شہری اتحاد کی جانب سے بارش و سیلاب متاثرہ محنت کشوں کو امدادی سامان نہ ملنے کے خلاف ایک احتجاجی جلوس حبیب چوک سے صدر حاجی غلام نبی رند، رحیم بروہی، علی احمد رند، نظر بروہی، بقا محمد، خادم چنہ، جی ایم نتنی، گل راجہ بروہی، اکبر ہانبھی، رازق عمرانی اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا، مظاہرے میں بڑی تعداد میں محنت کشوں نے شرکت کی، مظاہرین شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرنے کے بعد ڈی سی آفیس کے مین گیٹ کے سامنے پہنچے جہاں مظاہرین نے دھرنا دیکر ضلع انتظامیہ کے خلاف نعریبازی کی، بعد ازاں مظاہرین پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں مزدور شہری اتحاد کے صدر حاجی غلام نبی رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارش و سیلاب کی تباہ کاریوں میں محنت کش طبقہ سخت متاثر ہوا ہے محنت کشوں کے گھر منہدم ہوگئے روزگار بند ہوگیا جس کی وجہ سے محنت کش بھوک اور بدحالی کا شکار ہوچکے ہیں لیکن ڈپٹی کمشنر متاثرین کے بجائے من پسند اور سیاسی اثر رسوخ رکھنے والوں میں امدادی سامان تقسیم کررہے ہیں جوکہ متاثرین کے ساتھ ذیادتی ہے متاثرین بے یارومددگار بیٹھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں نے بھی محنت کشوں کی کوئی دادرسی نہیں کی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ محنت کشوں کو امدادی سامان دیا جائے بصورت دیگر ضلع انتظامیہ کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں