نئی دہلی، بھارتی رکشہ ڈرائیور انعامی لاٹری میں 25 کروڑ جیتنے کے بعد پریشان

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں 25 کروڑ روپے کا بھاری انعام جیتنے والا رکشہ ڈرائیور مدد کی درخواستوں سے تنگ آگیا۔بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے انوپ نے رواں ماہ ریاستی حکومت کی انعامی لاٹری جیتی تھی تاہم انوپ نے حال ہی میں ایک ویڈیو ریکارڈ کرائی ہے جس میں انہوں نے ان نامعلوم لوگوں سے درخواست کی ہے وہ مدد کی درخواستیں کرکے انہیں اور انکی فیملی کو پریشان کرنا بند کریں۔انوپ نے کہا وہ لوگوں سے بچنے کیلئے اپنی رہائش گاہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، اس سے تو بہتر تھا کہ وہ انعام ہی نہ جیتتے یا انکا تیسرے نمبر کا انعام نکلتا۔پچیس کروڑ کا انعام جیتنے کے بعد انوپ اور انکے خاندان کو قومی سطح پر میڈیا کی توجہ ملی تھی اور وہ شہہ سرخیوں کی زینت بنے تھے۔انوپ نے 17 ستمبر کو انعامی ٹکٹ خریدا تھا جس کے ایک دن بعد انہیں ایک ملازمت کیلئے ملائیشیا جانا تھا لیکن اس سے پہلے ہی انہیں یہ خوشخبری مل گئی۔انوپ نے مزید کہا کہ جب انہیں انعام جیتنے کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ بہت خوش ہوئے، انکے گھر پر میڈیا اور کیمرا مینوں کا ہجوم تھا۔انوپ نے کہا اب انکے لیے صورتحال کافی مشکل ہوچکی ہے وہ کہیں جا نہیں سکتے، انکا بیٹا بیمار ہوا جسے وہ ڈاکٹر کے پاس نہیں لے جاسکے، لوگ روزانہ صبح سے انکے گھر آجاتے ہیں اور ہر کوئی مدد کی درخواست کرتا ہے۔اب انوپ اور انکی فیملی نے خود کو لوگوں سے بچانے کیلئے اپنے رشتہ داروں کے پاس پناہ لے لی ہے جبکہ کیرالہ کی ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ انوپ کو فائنانشل مینجمنٹ کی ٹریننگ دے گی تاکہ وہ اپنے پیسوں کو بہتر طور پر استعمال کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں