بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا پرامن انعقاد بڑی کامیابی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان عبدالقیوم خان شنواری نے صوبے میں گزشتہ روز ہونے والے لوکل گورنمنٹ انتخابات کے پرامن انعقاد پر صوبائی حکومت بالخصوص متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں تمام انتخابی عملے اور الیکشن کمیشن کے افسران اور عملے کا بھی کلیدی کردار رہا ہے، جس کو میں سراہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن، صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرانا نہ صرف ہماری آئینی ذمہ داری ہے بلکہ قومی فریضہ بھی ہے، جسے بطریق احسن نبھایا گیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے، انتخابی عملہ اور الیکشن کمیشن کا عملہ اسی جانفشانی سے اپنی یہ آئینی اور قانونی ذمہ داری نبھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں