حب، اتائی ڈاکٹروں، غیر قانونی میڈیکل اسٹوروں و کلینکس کیخلاف کارروائی، کیمسٹ کا شدید احتجاج

لسبیلہ (انتخاب نیوز) حب اتائی ڈاکٹروں، غیر قانونی میڈیکل اسٹورز و کلینکس کیخلاف محکمہ صحت اور انتظامیہ کی کارروائی، کیمسٹ ایسوسی ایشن کا احتجاج، میڈیکل اسٹوروں کی بندش وکیل کی درخواست پر جوڈیشنل مجسٹریٹ ون نے ڈرگ انسپکٹر، کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور اسسٹنٹ کمشنر حب کو طلب کرلیا، عدالت نے محکمہ صحت لسبیلہ سے 10 دن میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ آئندہ سماعت 8 اکتوبر کو مقرر۔ اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں حب شہر میں مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت لسبیلہ کی جانب سے اتائی ڈاکٹروں، غیر قانونی میڈیکل اسٹوروں اور کلینکس سمیت میڈیکل اسٹورز پر کوالیفائیڈ پرسنز اور غیر تربیت یافتہ افراد کی پریکٹس کیخلاف اقدام کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر ایڈووکیٹ فضل جتک کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ حب ون نے سماعت مقرر کرتے ہوئے گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر حب، ڈرگ انسپکٹر لسبیلہ اور کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر کو طلب کیا اور درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فی الوقت تمام میڈیکل اسٹورز کو فوری طور پر کھولنے کا حکم دیا اور محکمہ صحت کے حکام کو حکم دیا کہ 10 دن کے اندر حب میں قائم میڈیکل اسٹورز کلینکس اور نجی اسپتالوں سمیت وہاں پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور عملے کی چھان بین کر کے رپورٹ پیش کی جائے جبکہ آئندہ سماعت 8 اکتوبر کو مقرر کی گئی ہے۔ مزید برآں بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت اور حب انتظامیہ نے اس حوالے سے چھان بین کے کام کا آغاز کردیا ہے اور حب کے پرائیویٹ اسپتالوں اور کلینکس میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کی محکمہ صحت بلوچستان اور سندھ سے ویری فیکیشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل اسٹورز پر کوالیفائیڈ پرسنز اور لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹورز مالکان کی موجودگی کو بھی یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں