ٹرمپ کے گھرپر چھاپا مارکردستاویزات برآمد کیے گئے، بنی گالا میں بھی پڑنا چاہیے ،مریم نو از

لاہور:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں کے دنوں میں امریکہ کی5 ارب ڈالرزکی آفرٹھکرا دی، اسے کہتے ہیں ایبسلوٹلی ناٹ،ٹرمپ کے گھرپر چھاپا مارکردستاویزات برآمد کیے گئے، بنی گالا میں بھی پڑنا چاہیے، جتنی بار آڈیو سنیں گے آپ کو پتا چلے گا ملک کے ساتھ کتنا بڑا کھیل کھیلاگیا، میں اس شخص کو اپنے گھر کے باہر والے دروازے سے بھی اندر نہ آنے دوں، مسلم لیگ ن کی جتنی بھی آڈیوزآجائیں کبھی ملک کےخلاف کوئی سننے کو نہیں ملے گی، پاکستان کی سلامتی پر مسلم لیگ ن کبھی سمجھوتہ نہیں کرےگی،اس صدی کا سب بڑا جھوٹا عمران خان ہے، سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے،عمران خان وزیراعظم ہاﺅس سے جاتے جاتے منرل واٹر کی 2ہزاربوتلیں بھی ساتھ لے گئے۔وہ ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر احسن اقبال ، رانا ثناءاللہ او ر پرویز رشید کے ہمراہ پریس کا نفرنس سے خطاب کررہی تھیں ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جتنی بار آڈیو سنیں گے آپ کو پتا چلے گا ملک کے ساتھ کتنا بڑا کھیل کھیلاگیا، میں اس شخص کو اپنے گھر کے باہر والے دروازے سے بھی اندر نہ آنے دوں، مسلم لیگ ن کی جتنی بھی آڈیوزآجائیں کبھی ملک کےخلاف کوئی سننے کو نہیں ملے گی، پاکستان کی سلامتی پر مسلم لیگ ن کبھی سمجھوتہ نہیں کرےگی۔ان کا کہنا تھاکہ جب اس کوپتا چلا اس کےاپنے ممبران خلاف ہوگئے ہیں توساز ش سازش شروع کردیا، اس صدی کا سب بڑا جھوٹا عمران خان ہے، سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے، یہ صرف سازش نہیں ہوئی یہ ٹیمپرنگ ہوئی ہے، اس نےکہا ٹرانسکرپٹ کا لوگوں کو کیا پتا، سازش بنادو، آپ نے پاکستان کے حساس دستاویز کے ساتھ جعل سازی کی۔مریم نے الزام عائد کیا کہ سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاﺅس سے غائب ہے، عمران خان وزیراعظم ہاﺅس سے جاتے جاتے منرل واٹر کی 2ہزاربوتلیں بھی ساتھ لے گئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے بتایا کوئی ملک پاکستان کوخط لکھنے کوتیارنہیں، دوسرے ممالک پاکستان سے بات کرنے سے ڈرتے ہیں، آڈیوز اس فتنہ کے خلاف پوری فردجرم ہے، یہ شخص پاکستان میں فتنہ پیدا کرکے باہر سے ڈالرز لیتا رہا، پاکستان کے دشمنوں سے کروڑوں روپے عمران خان نے اپنی جیب میں ڈالے، سپریم کورٹ کا فیصلہ دیکھ لیں، عمران خان نے جاتے جاتے آئین توڑ دیا، پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سے آپ کےخلاف فیصلہ آیا کہ آپ نے آئین توڑا۔ان کا کہنا تھاکہ اس شیطانی ذہن کے ہاتھوں پاکستان کی قوم 4 سال سے یرغمال بنی ہوئی ہے، ہم کوئی خوشی خوشی آئی ایم ایف کےساتھ ڈیل نہیں کررہے، یہ عمران خان نے کی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہتے ہیں امریکا کا نام نہیں لینا پھرنام لے لیا، عمران خان جس غلطی پرپکڑے جاتے ہیں اس پرمعافی مانگتے ہیں، عمران خان کی آڈیوزسے حیرانگی نہیں ہوئی، عمران خان کے ماتھے پرغداری کا لیبل لگا آج تک ایسا لیبل کسی وزیراعظم پرنہیں لگا۔لیگی نائب صدر کا کہنا تھاکہ جو دو، دو تین، تین بار وزیراعظم بنے کیا ان کے سینے میں راز نہیں ہیں؟ نوازشریف نے5 ارب ڈالرزکی آفرٹھکرا دی، اسے کہتے ہیں ایبسلوٹلی ناٹ، ٹرمپ کے گھرپرچھاپا مارکر حساس دستاویزات برآمدکی گئیں، اسی طرح سائفر کی برآمدگی کیلئے بنی گالاپربھی چھاپا مارنا چاہیے، کھیل کھیل میں آپ ملک کے ساتھ کھیل گئے، یہ ملک ہےکوئی اسٹیڈیم نہیں،آپ نے ملک کے سفارتی تعلقات خراب کرد یئے ۔ان کا کہنا تھاکہ سازش کی آڑ میں آپ نے میرجعفر،میر صادق اور جانور کے لقب دیے، وہ سازش جوکبھی ہوئی نہیں اس سازش کی آڑمیں آپ نے شہدا کونشانہ بنایا، آپ نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے خلاف سازش کی، میرجعفر بھی تم ہو، میرصادق بھی تم ہو اور جانور بھی تم ہو، تم نے اپنے مفادات کی خاطر ملک کو بھینٹ چڑھا دیا، قانون کے ہاتھ جو غدار کے گریبان تک پہنچنے چاہئیں تھے وہ نہیں پہنچے۔ قبل ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ایک بڑی سکیورٹی بریچ ہوئی ہے، انہوں نے سائفر کے ذریعے سازش کا سہارا لیا اور اپنی اسٹوری بنائی، اب تک جو آڈیو لیکس ہوئی ہیں اس سے یہ سازش کھل گئی ہے، آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اس کا ایجنڈا ہی پاکستان کوختم کرنا ہے، معاشی طور پرتو اس نے ختم کرہی دیاہے اور ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا گیا ہے، کسی ملک میں نیشنل سکیورٹی بریچ کی اجازت نہیں، کسی ملک میں معاشی طور پر تباہ کرنے کی اجازت نہیں۔وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اور کابینہ نے تفصیل کے ساتھ اس پر ہر چیز کا معائنہ کیا ہے، سائفر غائب ہے، سابق پرنسپل سیکرٹری کا کہناہے اس نے وہ عمران خان کو دے دیا تھا، جو منٹس بنائے گئے وہ موجود ہیں لیکن سائفر موجود نہیں، اب ثابت ہوگیاکہ سازش اس وقت کی اپوزیشن نےنہیں بلکہ انہوں نے کی تھی۔ان کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوچکی ہے، ہم اپنے آئین سے غداری کریں گے اگر ہم اسے منطقی انجام تک نہیں لےکرجائیں گے، سائفر والے معاملے پر جو کچھ کیا گیا، اس کی کوئی معافی نہیں ہے۔اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کی آڈیو لیکس بھی سنوائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں