بھارتی وزیر داخلہ کا دورہ جموں کشمیر، حریت کانفرنس نے ہڑتال کی کال دیدی

سرینگر (مانیٹرنگ ڈیسک) جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کشمیر کیخلاف 5اکتوبر بدھ کو مکمل ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کردیا۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے دی ہے جبکہ دیگر تنظیموںاور رہنماﺅں نے یہ پیغام دینے کے لیے اس کی حمایت کی ہے کہ وہ اپنے وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ حریت ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل ہڑتال کریں۔ ترجمان نے کہا کہ سڑکیں یا نام نہادترقیاتی منصوبے کشمیریوں کے لیے اہم نہیں ہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر کو مدنظررکھتے ہوئے حل کیاجائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت نے مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دفعہ 370اور 35-A کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور کشمیری عوام کے بنیادی اور سیاسی حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں