مکران کے تمام گرڈاسٹیشنوں سے بجلی کی فراہمی دوبارہ شروع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ پیر کی صبح ایران کی جانب سے 132kv جیکی گور، مند ٹرانسمیشن لائن سے فنی خرابی کے باعث مکران گرڈنیٹ ورک کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے نتیجے میں مکران کے تینوں اضلاع میں مند،تُمپ،تُربت،گوادر، گوادر انڈسٹریل، ڈیپ سی پورٹ، پسنی،اورماڑہ،پنجگور اورہوشاب گرڈ اسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔ تاہم اس دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عبدالکریم کی ہدایت پرکیسکوکے شعبہ گرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) ایرانی حکام سے بجلی بحالی کے سلسلے میں مسلسل رابطے میں رہے۔ بعد ازاں رات ساڑھے دس بجے ایران سے بجلی کی فراہمی بحال ہوگئی جس کے بعد کیسکونے ایران سے بجلی کی دوبارہ فراہمی پر مکران کے تمام علاقوں کی بجلی مکمل طور پربحال کر دی اور اب معمول کے مطابق مکران کے تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔تاہم اس دوران کیسکونے ایران کی جانب سے فنی خرابی کے باعث بجلی کی بندش پر مکران کے تمام صارفین سے معذرت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں