ایران میں بلوچوں پر تشدد اور حملے کیخلاف دالبندین میں احتجاجی ریلی

دالبندین (انتخاب نیوز) دالبندین میں تحریک نوجوانان دالبندین کے زیر اہتمام ایران میں بلوچوں پر تشدد اور حملے کیخلاف ریلی نکالی گئی۔ ریلی دالبندین شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کرتی ہوئی دالبندین پریس کلب کے سامنے پہنچی۔ مظاہرین نے ایرانی فورسز کی جانب سے بلوچوں پر حملہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے تحریک نوجوانان کے رہنما عطاالرحمن بڑیچ، عماد اللہ بڑیچ، شمس ناروئی، عبداللطیف ریکی، فضل ریکی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ جمعہ زاہدان میں جمعہ نماز کے دوران ایرانی فورسز نے سنی مسلمانوں پر حملہ کرکے سینکڑوں لوگوں کو جاں بحق کیا اور سینکڑوں کو زخمی کرکے ظلم کی ایک نئی مثال قائم کردی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کا روز اول سے یہ وتیرہ رہا ہے کہ وہ سنی مسلمانوں اور بلوچوں کی نسل کشی میں کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ ایرانی فورسز کی جانب سے اس طرح قتل عام کرنے پر اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی خاموشی انتہائی افسوسناک عمل ہے جس پر تمام مسلمانوں کو تشویش ہے، ہم بحیثیت مسلمان ایرانی فورسز کے اس ظلم کی شدید مذمت کرتے اور اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایرانی حکومت کے اس وحشیانہ حملوں کا نوٹس لیکر بلوچوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کردار ادا کرے۔ ریلی میں بڑی تعداد میں نوجوان شریک تھے شہر کے مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے ایرانی حکومت کےخلاف نعرے بازی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں